دنیا کا سب سے قدیم رنگ کون سا ہے؟

سائنس دانوں نے دنیا میں موجود قدیم ترین رنگ دریافت کرلیا ہے۔

ویب سائٹ لائیو سائنس کے مطابق سائنسی جریدے پی این اے ایس میں شائع ایک تحقیقی مقالے میں آسٹریلین نیشنل یونیورسٹی سے منسلک سائنس دان نور گوئینیلی نے انکشاف کیا ہے کہ دنیا میں سب سے قدیم ‘تیز گلابی رنگ’ ہے۔

یہ رنگ موریطانیہ کے صحارا ریگستان میں موجود 1.1 بلین سال پرانی چٹانوں کی گہرائی میں ایک سلیٹی پتھر کے نیچے موجود تھا. اس رنگ کو مائیکرو اسکوپ سے نظر آنے والے سائینو بیکٹیریا نے چھوڑا تھا۔

سائنس دان نور گوئینیلی نے اپنے پی ایچ ڈی کی ریسرچ کے دوران یہ ‘تیز گلابی رنگ’ دریافت کرنے کے بعد دعویٰ کیا کہ برائیٹ پنک حیاتیاتی رنگ کلوروفل کی مالیکیولی باقیات ہیں۔

یہ رنگ ایک قدیمی ناپید سمندر میں رہنے والے قدیمی فوٹو سینتھیٹک نامیاتی اجسام کی پیداوار ہے۔ سائنس دانوں نے اس رنگ کو حاصل کرنے کے لیے قدیم اجسام پر تحقیق کرنے سے پہلے اربوں سال پرانے چٹانی پتھروں کو توڑ کر اُن کا پاؤڈر حاصل کیا۔

سائنس دان نور گوئینیلی کا کہنا ہے کہ قدیمی باقیات سے اس امر کی تصدیق ہوجاتی ہے کہ اربوں سال پہلے سمندر میں فوڈ چین پر سائینو بیکٹیریا کا غلبہ تھا، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ اس وقت جانور کیوں موجود نہیں تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں