عمران خان نے مخالفین کو گدھا کہنے پر معافی مانگ لی

Imran-Khan-Pakistan-Tehreek-e-Insaf

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین اور وزارت عظمیٰ کے امیدوار عمران خان نے مخالفین کو گدھا کہنے پر معافی مانگ لی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان میں عمران خان کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عمران خان کے وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور تحریری جواب جمع کرا دیا۔ عمران خان نے مخالفین کو گدھا کہنے کے اپنے بیان پر غیر مشروط معافی مانگ لی۔

عمران خان نے وطن واپسی پر نوازشریف کے استقبال کے لیے لاہور ائرپورٹ جانے والوں کو گدھا کہا تھا۔ الیکشن کمیشن نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے انتخابی مہم کے دوران نازیبا زبان استعمال کرنے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے تحریری جواب طلب کیا تھا۔

علاوہ ازیں عمران خان کے خلاف ووٹ کا تقدس پامال کرنے کے معاملے کی بھی سماعت ہوئی۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے درخواست کی کہ عمران خان کا این اے 53 اسلام آباد سے کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ نے جواب میں ووٹ کا تقدس پامال کرنے سے متعلق کچھ نہیں لکھا۔

بابر اعوان نے کہا کہ ووٹ کی رازداری سے متعلق ابھی عمران خان کی جانب سے جواب لکھ کردیتا ہوں، وہ جب پولنگ اسٹیشن پر گئے تو 150 لوگ موجود تھے اور رش سے کمپارٹمنٹ اسکرین بکھر گئی تھیں جس کی وجہ سے ووٹ نظر آگیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے بابر اعوان سے فوری تحریری جواب طلب کرتے ہوئے کہا کہ جواب دیکھنے کے بعد عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے نہ کرنے کا فیصلہ کرینگے۔

واضح رہے کہ 25 جولائی کو عمران خان اسلام آباد کے حلقہ این اے 53 میں پولنگ اسٹیشن پر اپنا ووٹ کاسٹ کرنے پہنچے تو وہاں پر میڈیا بھی موجود تھا اور کپتان نے سب کے سامنے بیلٹ پیپر پر مہر لگاکر اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹس لے لیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں