پاکستان عالمی محاذ آرائی سے متاثر ہوا ،آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی محاذ آرائی کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

آرمی چیف نے ان خیالات کا اظہار چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا ۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم ملک کے اندر اور باہر امن و استحکام لانے اور پاکستان کو دنیا میں اس کا جائز مقام دلانے کے لیے پرعزم ہیں۔

آرمی چیف اور چینی وزیر خارجہ کی ملاقات میں خطے کی سلامتی کی صورتحال اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چینی وزیر خارجہ نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ پاک چین تعلقات کی بنیاد باہمی احترام پر مبنی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ خطے میں قیام امن کے لیے پاک فوج کی خدمات قابل تحسین ہیں، دنیا امن واستحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرے ۔

چینی وزیرخارجہ نے سی پیک منصوبوں کے لیے فراہم کی جانے والی سیکیورٹی کی بھی تعریف کی۔

آرمی چیف نے چین کے وزیر خارجہ کے دورے اور پاکستان سے مسلسل تعاون پر چین کا شکریہ ادا کیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں