گیس پائپ لائن کیلئے پاکستان روس کی مفاہمتی یادداشت

پاکستان اور روس نے سمندر کے راستے گیس پائپ لائن کی تعمیر کی فزیبلٹی اسٹڈی کیلئے مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط کر دیئے۔

پٹرولیم ڈویژن اعلامئے کے مطابق آف شور گیس پائپ منصوبے پر عملدرآمد میں تعاون کے لیے مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط ماسکو میں ہو ئے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستان کی وزارت توانائی کی طرف سے ایڈیشنل سیکرٹری پٹرولیم ڈویژن شیر افگن خان جبکہ روسی وزارت توانائی کی طرف سے نائب وزیر توانائی نے مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط کئے۔

مفاہمتی یادداشت کی تقریب میں پاکستان کی سرکاری کمپنی انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز کے ایم ڈی مبین صولت نے بھی شر کت کی۔

ماسکو سے جیو نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے مبین صولت نے بتایا کہ سمندر کے راستے روس سے گیس درآمد منصوبے کا تخمینہ 10 ارب ڈالر سے زائد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کی فزیبلٹی مکمل ہونے کے بعد پاکستانی کمپنی انٹرسٹیٹ گیس سسٹمز اور روسی کمپنی گیز پرام کے درمیان گیس کی قیمت سمیت کمرشل معاہدے پر بات چیت شروع ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں