لاہورسمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش ،ژالہ باری

لاہور/شیخوپورہ/منڈی بہاؤالدین/سرگودھا/فیصل آباد: لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں تیز ہواؤں اورہلکی اور موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا ،لاہور میں گزشتہ روز ہوا کے جھکڑ چلنے سے کئی بل بورڈ گر گئے۔ ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ غیر متوقع ژالہ باری اور موسلا دھار بارش سے پارہ ایک بار پھر نیچے آگیا۔

جوہر ٹاؤن ، ٹھوکر اوررائیونڈروڈ کے علاقوں میں ژالہ باری ہو ئی۔شہر میں سہ پہر شروع ہو نے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے شام تک جاری رہا، شہریوں کی بڑی تعداد سموسوں ، پکوڑوں ، مچھلی ، بار بی کیو ، پیزا، برگرشاپس اور ریسٹورنٹس پرلطف اندوز ہوتے رہے ۔ گھروں میں خواتین نے بھی موسم کی مناسبت سے نگٹس، فرائیڈ چکن،مٹن تکہ اور دیگرمصالحے دار گرما گرم لذیذپکوان تیار کئے۔

فیصل آباد اور گردونواح میں میں بھی تیز بارش اور ژالہ باری سے موسم ٹھنڈا ہوگیا۔ شیخوپورہ، جڑانوالہ، ڈسکہ، پنڈی بھٹیاں اور گردونواح،مریدکے ، شاہکوٹ میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی، بارش سے نشیبی علاقے زیر آب اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

کئی مقامات پر بجلی بھی غائب ہو ئی ،منڈی بہا ؤالدین شہر اور گردونواح میں ہلکی اور بعض مقامات پر موسلادھا بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا ،تاہم ژالہ باری سے دھان کی تیار فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، حافظ آباد کے نواحی دیہات کوٹ حسن خان، ہنجرانواں والہ، کسوکی وغیرہ میں گذشتہ روز ژالہ باری کے ساتھ بارش ہوئی جس سے دھان کی فصل کو سخت نقصان پہنچا۔ علاوہ ازیں مکران ،بہاولپور، ڈی جی خان ، سرگودھا اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تا ہم مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ سرگودھا سمیت ضلع بھر میں تیز آندھی کے ساتھ بارش نے موسم کو خوشگوار بنادیاجس کے باعث گرمی کازور ٹوٹ گیا،نہرون راجباہوں میں پانی بھر آیا جبکہ نشیبی آبادیوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑاہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں