قطر سے بھارت جانیوالی پرواز میں شیر خوار بچی انتقال کرگئی

حیدر آباد دکن: قطر سے بھارت جانے والی قطر ایئر ویز کی پرواز میں دس ماہ کی بچی کی موت واقع ہوگئی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ سے بھارت کے شہر حیدر آباد جانے والی قطر ایئرویز کی پرواز میں سانس کی بیماری میں مبتلا 10 ماہ کی بچی کی زندگی کا چراغ گُل ہو گیا۔

بھارتی شہر حیدرآباد کے ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد بچی کو قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کی موت تصدیق کر دی گئی۔ قطر ایئر ویز کے ترجمان نے بچی کی ہلاکت کو افسوسناک خبر قرار دیتے ہوئے والدین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
اب تک بچے کے ہلاک ہونے کے مقام کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ قطر ایئر ویز نے دعویٰ کیا ہے کہ دوران پرواز کوئی ایمرجنسی نہیں ہوئی تھی اس لیے بچی کا انتقال پرواز کی لینڈنگ کے بعد رونما ہوا ہوگا۔

ایک مسافر کا دعویٰ ہے کہ بچی امیگریشن کاؤنٹر تک سانس لے رہی تھی جہاں اس کا معائنہ بھی کیا گیا تاہم بچی کی سانسیں اکھڑ رہی تھیں۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جب بچی کو لایا گیا تو اس کی موت واقع ہوئے کچھ گھنٹے بیت چکے تھے۔

بھارتی سول ایوی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شیرخوار بچی کی ہلاکت کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ غیر ملکی ایئرلائن، بھارتی امیگریشن کے عملے اور بچی کے والدین کے بیانات قلم بند کیے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں