اسٹیبلشمنٹ کو شہباز شریف کے وزیراعظم نہ بننے کا افسوس ہے، رانا مشہود

سابق صوبائی وزیر اور مسلم لیگ ن کے رہنماء رانا مشہود کہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ کو اب مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے وزیراعظم نہ بننے کا افسوس ہے۔

نجی ٹی وی کے نمائندہ خصوصی نعیم اشرف بٹ سے گفتگو میں رانا مشہود نے دعویٰ کیا کہ اسٹیبلشمنٹ سے معاملات ٹھیک ہوگئے اور معاملات سلجھانے میں شہباز شریف نے بہت اہم کردار ادا کیا۔ شہباز شریف کے قریبی ساتھی رانا مشہود نے یہ بھی کہا کہ اگر شہباز شریف ملک کے وزیراعظم ہوتے تو حالات بہتر ہوتے۔

ایک سوال کے جواب میں مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے ہم آہنگی ہوئی ہے، ادارے بھی ملک کی بہتری کا سوچتے ہیں، اداروں کے تھنک ٹینک کو اب صورتحال کا ادراک ہو رہا ہے۔

رانا مشہود کا کہنا تھا کہ پہلے معاملات درست نہ ہوسکے کیونکہ صورتحال مختلف تھی، طے ہوا ہے جس ادارے کا جو کام ہے وہ اپنا کام کرے گا۔

سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ حالات ٹھیک ہونے تک نواز شریف اور مریم نواز کا لہجہ سخت ہی رہے گا، دو ماہ بعد پنجاب میں ن لیگ دوبارہ حکومت بنا سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں