بھارت اور روس کے درمیان دفاعی اور جوہری توانائی کے کئی معاہدوں پر اتفاق

دلی: بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی اور روس کے صدر ولادی میر پوتن کے درمیان ملاقات میں دفاعی، تجارتی اور خلائی تحقیق سے متعلق معاہدوں پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت اور روس کے سربراہان کے درمیان 19 ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کرنے کے لیے صدر ولا دی میر پوتن گزشتہ شب نئی دہلی پہنچے۔

ایئرپورٹ پر مہمان صدر کا پُر تپاک استقبال بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کیا بعد ازاں انہیں وزیراعظم ہاؤس لے جایا گیا جہاں بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے مہمان صدر کے لیے عشائیے کا اہتمام کیا تھا۔

وزیراعظم ہاؤس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی اور تجارتی و دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات سے متعلق تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئی ہیں تاہم دونوں ممالک کے درمیان 20 سے زائد دفاعی، جوہری توانائی، خلائی تحقیق اور تجارتی معاہدے متوقع ہیں۔

بھارت اور روس کے سربراہان کے درمیان رواں برس ہونے والی مشترکہ فوجی مشقوں اندرا 2018 کے انعقاد پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اہم امور پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ایس-400 فضائی دفاعی نظام کے لیے 5 بلین امریکی ڈالر کا معاہدہ بھی متوقع ہے۔ جس پر آج دستخط کر دیئے جائیں گے۔

روس کے صدر ولادی میر پوتن نے آج صبح مختلف وزارتوں کے اعلیٰ اور اہم حکام سے بھی ملاقات کی۔ طے پانے والے دو طرفہ معاہدوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

دونوں ممالک کے رہنماؤں اور اعلیٰ حکام کے درمیان ملاقاتوں کے احوال سے آگاہی کے لیے مشترکہ اعلامیہ آج شام تک جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں