سپریم کورٹ نے آسیہ بی بی کو بری کر دیا

سپریم کورٹ نے توہین رسالت کیس میں آسیہ بی بی کو بری کردیا،فیصلہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے سنایا۔

بنچ میں جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل بھی شامل ہیں، عدالت نے حکم دیا کہ آسیہ بی بی کسی اور کیس میں مطلوب نہیں تو انہیں رہا کر دیا جائے۔

عدالت عظمیٰ نے ضلع ننکانہ صاحب کے توہین رسالت کے مشہور مقدمے کی ملزمہ آسیہ بی بی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ سے ملنے والی سزائے موت اور اسے برقرار رکھنے کے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف ملزمہ کی اپیل پر 8 اکتوبر 2018ء کو محفوظ کیا تھا۔

ادھر اسلام آباد میں اندیشہ نقص امن کے پیش نظر ریڈ زون مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے، شہر میں داخلے کے تمام راستوں پر کنٹینر لگائے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق وفاقی دارلحکومت میں داخل ہونے کے تمام راستوں پر پولیس اور رینجرز کے دستے تعینات ہیں، بتایا گیا ہے کہ وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز کو بھی ممکنہ صورت حال کے تدارک کے لیے سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کی ہے جبکہ موبائل فونز سروس بھی بند کئے جانے کا امکان ہے۔

علاوہ ازیں محکمہ داخلہ سندھ نے بھی اس حوالے سے مسیحی آبادیوں سمیت تمام حساس مقامات پر سیکیورٹی سخت کرنے کی سفارش کی ہے، اس سلسلے میں رات گئے متعدد مقامات کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں