چین: تیز رفتار کار نے طالبعلموں کو روند ڈالا، 5 ہلاک

چین میں اسکول سے نکل کر سڑک پار کرنے والے بچوں پر کار سوار نے گاڑی دوڑا دی جس کے نتیجے میں 5 بچے ہلاک اور 18 زخمی ہوگئے۔

اسکول کی چھٹی ہونے کے بعد طالبعلم گروپ کی صورت میں سڑک پار کررہے ہیں جس کے باعث سڑک پر موجود دیگر گاڑیاں رک گئیں۔

دریں اثنا دوسری سمت سے آنے والی ایک تیز رفتار کار سڑک پار کرنے والے ننھے طالبعلموں پر چڑھ دوڑی جس کی ٹکر سے بچے دور جاگرے تاہم حکام نے مذکورہ ویڈیو کی تصدیق نہیں کی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حادثے کے بعد پولیس نے مذکورہ کار ڈرائیور کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق واقعہ دوپہر کے وقت پیش آیا جب اسکول کے طالبعلم چھٹی ہوجانے کے بعد سڑک پار کررہے تھے، حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ چین میں ٹرانسپورٹ انتظامیہ کی سخت کوششوں کے باوجود ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ ہونے کے سبب ہولناک حادثات رونما ہونا معمول کی بات ہے۔

حکام کے مطابق صرف سال 2015 میں ملک بھر میں ہونے والے حادثات میں 58 ہزار افراد اپنی زندگی سے محروم ہوئے۔

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی زیادہ تر حادثات کا سبب بنتی ہے جس کا نتیجہ اموات، معذوری یا ایک عرصے تک علاج کی صورت میں نکلتا ہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں بھی چین میں ایک حادثے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے تھے جب ایک بس میں ڈرائیور اور مسافروں کے مابین جھگڑے کے نتیجے میں بس پل سے نیچے جاگری تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں