Imran-Khan-PTI-Mianwali

ن لیگ کو کرپشن ،منی لانڈرنگ کا تجربہ ہے، عمران خان

Imran-Khan-PTI-Mianwali
تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ن لیگ نے لوڈشیڈنگ ختم نہ کی اور40ارب روپے اشتہاروں پر لگادیے۔

میانوالی سے اپنی الیکشن مہم کے آغاز پر جلسہ عام سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ آج ملک کی سب سے بڑی جماعت تحریک انصاف ہے ، سروے کراکے ٹکٹ دیے جن لوگوں کو ٹکٹ نہیں ملے میں ان سے معذرت چاہتا ہوں۔

انہوں نے اس دوران شریف برادران کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ کس نے کہا تھا لوڈشیڈنگ 3ماہ میں ختم نہ ہو تو میرا نام بدل دینا ؟دونوں بھائیوں نے لوڈشیڈنگ کےخاتمے کے منصوبے صرف اشتہاریوں میں بنائے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ میانوالی ميں میرے رشتے دار ہیں ، سب ٹکٹ مانگ رہے تھے ، بہت دباؤ تھا ،میں نے اپنے دوستوں اور رشتے داروں کو ٹکٹ نہیں دیئے ۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ کے پاس واقعی تجربہ کار ٹیم تھی ،چوری ،کرپشن ،منی لانڈرنگ کا تجربہ ان کے پاس بہت تھا ،قوم قرضوں میں ڈوب گئی اور یہ اربوں پتی ہوتے گئے

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف اور ان کےبیٹوں نے تین سو ارب روپے کا حساب دینا ہے ،خواجہ سعد رفیق پر نیب میں اربوں روپے کرپشن کا کیس چل رہا ہے ،خواجہ آصف کے پاس کیا ہنر تھا کہ ایک منٹ کا کام نہیں کرتے تھے اور دبئی کی کمپنی 16 لاکھ روپے مہینہ تنخواہ دے رہی تھی ۔

ان کا کہناتھاکہ نئے پاکستان میں انتظامیہ عوام کی خدمت کرے گی ، ایک ڈیڑھ ہفتے میں ہمارا منشور آجائے گا ،ہم سب سے پہلے اداروں کو مضبوط کریں گے ،ہم نیب ، ایف آئی اے کو مضبوط کریں گے ، پولیس کو ٹھیک کریں گے ۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ شریفوں نے پنجاب کی پولیس کو تباہ کیا ، ن لیگ کی حکومت کے دوران مجھ پر 32ایف آئی آرز کاٹی گئیں،میاں صاحب کو دو سوالوں کا جواب دینا تھا لیکن انہوں نے کیوں نکالا کہہ دیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں