javed-chaudhry-columns

آپ فری تو لے لیں

زینب کی عمرسات سال تھی‘ وہ چار جنوری2018ء کو گھر سے غائب ہوئی‘ 9 جنوری کو اس کی لاش ملی‘22 جنوری کو اس کا قاتل عمران گرفتار ہوا اور 17 اکتوبر 2018 ء کو اسے کوٹ لکھپت جیل میں پھانسی دے دی گئی‘یہ زینب قتل کیس کا مختصر سا خلاصہ ہے‘ یہ پاکستان کی تاریخ کا مشہور ترین کیس تھا‘ میڈیا نے اسے محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت جتنی کوریج دی‘ ریاست پہلی مرتبہ ایکٹو ہوئی‘ ملک کے تمام اداروں نے مل کر کام کیا اور یوں مجرم کیفر کردار تک پہنچ گیا‘ میں نے ان دنوں امریکی ریاست ٹیکساس کے شہرآرلنگٹن کی ایک بچی امبر کی کہانی لکھی تھی۔

امبر21 جنوری 1996ء کی شام اغواء ہوئی تھی‘ اس کی مسخ شدہ لاش پانچ روز بعد نالے سے ملی تھی‘ کیس کی تفتیش مائیک سائمنڈ کے پاس تھی‘مائیک سائمنڈ نے تفتیش کے دوران سوچا ہمارے پاس کوئی ایسا سسٹم ہونا چاہیے جس کے ذریعے مغوی بچے کی تفصیلات چند منٹوں میں پورے شہر تک پہنچ جائیں‘ یہ دو ہفتے سوچتا رہا یہاں تک کہ اس نے ایک الرٹ سسٹم بنا لیا‘ مائیک سائمنڈ نے یہ سسٹم آرلنگٹن پولیس کو دیا‘ پولیس نے میئر کے ساتھ مل کر یہ سسٹم پورے شہر میں لگا دیا‘ یہ بعدازاں پوری ٹیکساس ریاست میں نافذ ہوا‘ یہ 2001ء میں چار امریکی ریاستوں تک پہنچ گیا اور 2002ء میں امریکی صدر جارج بش نے اسے پورے امریکا میں نافذ کر دیا‘ یہ سسٹم 2005ء میں دنیا کے 30 ملکوں تک پہنچا اور یہ اس وقت یورپ‘ مشرق بعید اور لاطینی امریکا سمیت دنیا کے تمام جدید ملکوں میں چل رہا ہے‘ میں نے حکومت سے درخواست کی یہ بہت اچھا اور کامیاب سسٹم ہے‘ آپ یہ پاکستان میں بھی اپنا لیں‘ ہزاروں بچوں اور بچیوں کی جان بچ جائے گی۔

وہ کالم 12 جنوری 2018ء کو شایع ہوا‘ پورے ملک سے صرف میاں شہباز شریف نے دلچسپی ظاہر کی‘ حکومت پنجاب نے زینب الرٹ کے نام پر 24 رکنی کمیٹی بنا دی‘ کمیٹی کے دھڑادھڑ اجلاس ہوئے‘ اصلاحات بھی فائنل ہو گئیں اور نئے قوانین کا خاکہ بھی تیار ہو گیا لیکن پھر وہی ہوا جو اس ملک میں 71 سال سے ہو رہا ہے‘ مجرم کی گرفتاری کے بعد زینب کیس ترجیحات کی فہرست میں نیچے سے نیچے ہوتا چلا گیا یہاں تک کہ یہ فہرست ہی سے غائب ہو گیا‘ زینب الرٹ کمیٹی کی میٹنگز بھی بند ہو گئیں اور یوں یہ ایشو بھی ملک کے دوسرے جینوئن ایشوز کے ساتھ فائلوں میں دفن ہو گیا۔
پنجاب حکومت جب زینب الرٹ پر کام کر رہی تھی تو میں نے ان دنوں حکومت کو پیشکش کی میں آپ کو زینب الرٹ مفت بنوا دیتا ہوں‘ حکومت کا وقت اور پیسہ دونوں بچ جائیں گے لیکن حکومت کا خیال تھا ہمارے پاس پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور آج کا آئن اسٹائن ڈاکٹر عمر سیف موجود ہے‘ ہم یہ ایپلی کیشن آسانی سے بنا لیں گے‘ یہ باتیں بظاہر اچھی لگتی ہیں لیکن ہمیں کبھی نہ کبھی یہ حقیقت ماننا پڑے گی ہمارے سرکاری اداروں میں کیپسٹی بھی نہیں اور نیت بھی نہیں‘ سرکار میں پہنچ کر ایک گھنٹے کا کام دس سال تک پھیل جاتا ہے لہٰذا زینب الرٹ کے ساتھ بھی یہی ہوا‘ پنجاب آئی ٹی بورڈ نے ایک دھیلے کا کام نہیں کیا یوں قانون بن سکا اور نہ ہی الرٹ اور آخر میں فائل بھی بند ہو گئی۔

حکومت نے موقع ضایع کر دیا لیکن زینب الرٹ کا آئیڈیا کراچی کے پانچ نوجوانوں کو متاثر کر گیا‘ یہ لوگ اسٹارٹ اپس کی چھوٹی سی کمپنی چلاتے ہیں‘ یہ لوگ ایکٹو ہوئے اور انھوں نے آٹھ ماہ میں زینب الرٹ بنا لی‘ میں نے یہ الرٹ دیکھی تو میں حیران ہوگیا‘ نوجوانوں نے واقعی کمال کر دیا‘ امبر الرٹ صرف انگریزی میں تھی جب کہ زینب الرٹ انگریزی‘ اردو‘ پنجابی‘ سندھی اور پشتو پانچ زبانوں میں ہے‘ یہ صرف بچوں کے اغواء تک محدود نہیں بلکہ اس میں موبائل فون چھیننے‘ آتش زدگی‘ چوری‘ عصمت دری‘ مشکوک اشیاء کی موجودگی‘ بدسلوکی‘ غیر قانونی تعمیرات‘ چوری شدہ گاڑیوں‘ رشوت ستانی‘ خواتین کے ساتھ بدسلوکی اور گھوسٹ ملازمین کے بارے میں اطلاعات کے فیچرز بھی شامل ہیں۔
اشتہار



بچوں کے اغواء یا گمشدگی کے بعد کوئی بھی شخص ایپلی کیشن پر بچے کا نام‘ صنف‘ سرپرست کا نام‘ شناختی کارڈ‘ ایڈریس اور بچے کے آخری مقام کی معلومات دے کر پورے سسٹم کو الرٹ کر سکتا ہے‘ یہ معلومات چند سکینڈز میں پولیس‘ لوکل انتظامیہ اور صوبائی اور وفاقی حکومت ساتھ ساتھ ٹیلی ویژن چینلز‘ ریڈیو‘ اخبارات‘ سوشل میڈیا اور فلاحی تنظیموں تک پہنچ جائیں گی‘ بچے کی تصاویر اور معلومات ریلوے اسٹیشنوں‘ بس اسٹاپس اور ائیرپورٹس کی اسکرینوں پر بھی نظر آئیں گی‘ یہ سسٹم اس وقت تک ایکٹو رہے گا جب تک وہ بچہ مل نہیں جاتا‘یہ سسٹم بچوں کی گمشدگی کا ڈیٹا بھی بناتا رہے گا‘ دنیا کے کسی بھی کونے میں بیٹھ کر کوئی بھی شخص مسنگ بچوں کی تلاش میں انتظامیہ اور والدین دونوں کی مدد بھی کر سکے گا‘ میں نے الرٹ دیکھی تو میں نے بنانے والے نوجوانوں سے پوچھا‘ آپ نے یہ اب تک حکومت کو کیوں نہیں دی‘ نوجوانوں نے جواب دیا‘ ہم یہ الرٹ پرانی حکومت کو بھی دیتے رہے اور ہم اب نئے پاکستان کے پیچھے بھی بھاگ رہے ہیں۔

ہم نے صدر‘ وزیراعظم‘ وزراء اعلیٰ اور چیف جسٹس صاحبان تک کو خط بھی لکھے اور انھیں ای میلز بھی کیں‘ ہم ان سے صرف یہ درخواست کر رہے ہیں ہم آپ کو یہ الرٹ سسٹم فری دینا چاہتے ہیں‘ ہم آپ کو لگا بھی دیتے ہیں‘ چلا بھی دیتے ہیں اور سرکاری ملازمین کو ٹرینڈ بھی کر دیتے ہیں لیکن کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی‘ میں نے ہنس کر جواب دیا ’’آپ فری میں مار کھا رہے ہیں‘ آپ اگر یہ بیچنا چاہ رہے ہوتے تو اب تک حکومت کا کوئی نہ کوئی بروکر سرکار کے دس پندرہ بیس کروڑ روپے کھا چکا ہوتا‘‘ نوجوانوںکا کہنا تھا‘ پیسہ ہمارا مقصد نہیں تھا‘ ہم نے یہ کام نیک نیتی سے کیا تھا‘ ہم یہ بیچنا چاہتے ہیں اور نہ حکومت سے کوئی ایوارڈ لینا چاہتے ہیں‘ ہماری خواہش ہے ہماری ایپ سے اگر کوئی ایک بچہ بھی بچ گیا تو ہماری زندگی کا فرض ادا ہو جائے گا‘ میں نے ان کے جذبے کی تعریف کی لیکن دل ہی دل میں کہا‘ یہ نوجوان بے وقوف ہیں‘ یہ گونگوں کے شہر میں میوزک سینٹر بنا رہے ہیں۔

ہم ٹیکنالوجی کے دور میں زندہ ہیں‘ ٹیکنالوجی کہاں تک پہنچ چکی ہے آپ چین کے شہر ہانزو (Hangzhou) کی مثال لے لیجیے‘ہانزو کی آبادی دو کروڑ دس لاکھ ہے‘ یہ دنیا کا پہلا اسمارٹ پولیسنگ شہر ہے‘ حکومت نے شہر میں چالیس ہزار اسمارٹ کیمرے لگا دیے ہیں‘ تمام کیمرے 167 پولیس اسٹیشنوں کے ساتھ منسلک ہیں‘ شہر میں کوئی شخص جرم کے بعد ان کیمروں سے نہیں بچ سکتا‘ میرے ایک دوست چھ ماہ قبل ہانزو گئے‘ یہ اپنا موبائل فون ٹیکسی میں بھول گئے تھے‘ یہ پولیس اسٹیشن گئے تو پولیس نے ان سے صرف ایک سوال پوچھا‘ آپ کس وقت اور کہاںٹیکسی سے اترے تھے‘ میرے دوست نے وقت اور جگہ بتا دی‘ پولیس نے یہ دونوں معلومات کمپیوٹر پر ٹائپ کیں اور وہ ٹیکسی‘ اس کا ڈرائیور اور گاڑی کا پورا ڈیٹا کھل گیا‘ گاڑی‘ ڈرائیور اور میرے دوست کی ساری تصویریں بھی سسٹم پر آ گئیں‘ وہ ٹیکسی مسافر کو اتارنے کے بعد کہاں کہاں گئی‘ یہ بھی پتہ چل گیا اور ڈرائیور اور اس کے خاندان کے سارے ایڈریسز اور موبائل فون نمبر بھی سامنے آ گئے۔

ڈرائیور موبائل فون ملنے کے بعد اپنا فون بند کر کے گھر چلا گیا تھا‘ پولیس نے پہلے اس کے ذاتی نمبروں پر رابطہ کیا‘ وہ بند ملے تو اس کی بہن کو فون کر کے بتایا تمہارے بھائی نے مسافر کا فون چوری کر لیا ہے‘ اسے جا کر بتاؤیہ اگر آدھ گھنٹے میں فون کے ساتھ پولیس اسٹیشن نہ پہنچا تو ہم اسے گرفتار کر لیں گے‘ میرا دوست یہ دیکھ کر حیران رہ گیا‘ وہ ڈرائیور آدھ گھنٹے میں فون لے کر تھانے پہنچ گیا‘ اس نے مسافر اور پولیس دونوں سے معافی بھی مانگی‘ میرے دوست نے پولیس سے پوچھا‘ کیا آپ تمام جرائم ان کیمروں کے ذریعے کنٹرول کرتے ہیں‘ پولیس افسر نے بتایا ‘ ہم لوگ پولیس اسٹیشن سے باہر نہیں جاتے‘ ہم مجرم کی تصویر‘ نام یا شناختی نشان سسٹم میں ڈالتے ہیں اور چالیس ہزار کیمرے چند لمحوں میں اسے تلاش کر لیتے ہیں‘آپ دیکھیے دنیا کہاں پہنچ چکی ہے لیکن ہم زینب الرٹ بنانے اور چلانے تک کے روادار نہیں ہیں‘ آپ کسی دن تحقیق کر لیں آپ کو امریکا‘ کینیڈا اور جاپان سمیت پورے یورپ میں نیب ٹائپ کا کوئی ادارہ نہیں ملے گا۔

کیوں؟ کیونکہ ان ملکوں نے سسٹم اور ٹیکنالوجی کے ذریعے کرپشن کے سوراخ ہمیشہ کے لیے بند کر دیے ہیں‘ ان ملکوں میں بینکوں کے علاوہ لین دین نہیں ہوتا‘ اگر کسی شخص کے گھر‘ دکان یا گاڑی سے دس بیس ہزار ڈالر یا یوروز نکل آئیں تو پولیس اسے گرفتار کر لیتی ہے‘ یہ ملک نوٹوں اور لوگوں کو زیادہ دیر تک سسٹم سے غائب بھی نہیں ہونے دیتے‘ نوٹ یا کوئی شخص غائب ہوا نہیں اور یہ اس کے پیچھے پڑے نہیں چنانچہ وہاں نیب جیسے کسی ادارے کی کوئی ضرورت نہیں جب کہ ہم آج بھی ڈنڈا لے کر گلیوں میں دوڑ رہے ہیں‘ ہم آخر سسٹم کی طرف کیوں نہیں آتے‘ ہم مسائل کا مستقل حل کیوں نہیں نکالتے؟ آپ ملک کے ہر شہری کے لیے بینک اکاؤنٹ اور کریڈٹ کارڈ لازمی قرار دے دیں‘ لوگ انڈے سے لے کر جہاز تک ہر چیز کریڈٹ کارڈ کے ذریعے خرید سکیں‘ پوری قوم سسٹم میں آ جائے گی‘ کوئی شخص اپنا آپ اور اپنے اثاثے نہیں چھپا سکے گا لیکن ہم بالٹی کے سوراخ بند کرنے کے بجائے ٹونٹی پرپراندہ باندھتے چلے جا رہے ہیں‘ ہم آج کے دور میں بھی جوتے مارنے والوں کی تعداد بڑھانے کے بارے میں سوچ رہے ہیں‘ ہم مسئلے حل نہیں کر رہے۔

میری حکومت سے درخواست ہے آپ زینب الرٹ سے ٹیکنالوجی کا آغاز کریں‘ آپ یہ ایپلی کیشن فری لے لیں اور یہ نافذ کر دیں‘ ہم اس سے کم از کم زینب جیسی بچیوں کو تو بچا لیں گے‘ یہ ملک کسی ایک شعبے میں ہی سہی چند قدم آگے تو بڑھے گا‘ ہم ٹیکنالوجی کے دور میں تو داخل ہوں گے۔

اشتہار


اپنا تبصرہ بھیجیں