وزیراعظم پاکستان اور ابوظہبی کے ولی عہد کے درمیان ون آن ون ملاقات

وزیراعظم پاکستان عمران خان اور ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان اسلام آباد میں ون آن ون ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم عمران خان نے کی۔ یو اے ای کا وفد ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت میں شریک ہوا۔ پاکستان کے وفد میں وفاقی وزراء چوہدری فواد حسین، شاہ محمود قریشی ،اسد عمر، علی زیدی، رزاق داؤد ،زبیدہ جلال، چوہدری غلام سرور، عمر ایوب اور شہریار آفریدی شامل تھے۔ سمندر ہار پاکستانیوں کے لئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری اور سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی وفد میں شامل تھیں۔

اس سے پہلے ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان اسلام آباد پہنچے تو انھیں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے نور خان ائربیس پر معزز مہمان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم عمران خان نور خان ایئر بیس سے خود گاڑی چلا کر معزز مہمان کو وزیراعظم ہاؤس لے کر آئے۔

شیخ محمد بن زاید النہیان کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی۔ تقریب میں دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔ مسلح افواج کے چاق وچوبند دستے نے معزز معمان کو سلامی پیش کی۔ ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے معزز مہمان سےکابینہ ارکان کا تعارف کرایا۔ ولی عہد نے وزیراعظم عمران خان سے اپنے وفد کے ارکان کا تعارف بھی کرایا۔

پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے معزز مہمان کو سلامی دی۔ شیخ محمد زاید النہیان کا اس قدر گرمجوشی سے استقبال دونوں ملکوں کے درمیان کئی دہائیوں کے قریبی برادرانہ تعلقات کا عکاس بتایا جاتا ہے۔ اس موقع پر متعدد قومی اخبارات نے خصوصی ایڈیشنز بھی شائع کئے جبکہ نجی ٹی وی چینلز نشریات میں خصوصی پروگرامات پیش کر رہے ہیں جن میں یو ای اے کی ترقی اور جدید ریاست کے بانی شیخ زاید بن سلطان النہیان کے حالات زندگی پر روشنی ڈالی جا رہی ہے۔

اشتہار


اپنا تبصرہ بھیجیں