سام سنگ کے ‘سستے ترین’ ڈوئل کیمرہ اسمارٹ فون متعارف

سام سنگ نے پہلی بار آئی فون ایکس جیسے نوچ سے لیس اپنے ‘سستے ترین’ ڈوئل کیمرہ اسمارٹ فونز گلیکسی ایم 10 اور گلیکسی ایم 20 متعارف کرا دیئے ہیں۔

ایم سیریز کے یہ اولین 2 فونز سب سے پہلے بھارت میں متعارف کرائے گئے جو کہ دیگر ممالک میں کچھ ہفتوں بعد دستیاب ہوں گے۔

یہ سام سنگ کے انفٹنی وی نوچ سے لیس اولین فونز ہیں جن کے بیک پر ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ دیا گیا ہے۔

گلیکسی ایم 10 میں 6?22 انچ ڈسپلے ایچ ڈی پلس ریزولوشن دیا گیا ہے جس میں سام سنگ کا اپنا ایکسینوس 7870 پراسیسر موجود ہے۔

2 سے 3 جی ریم اور 16 سے 32 جی بی اسٹوریج آپشنز والے اس فون میں ایس ڈی کارڈ سے اسٹوریج 512 جی بی تک بڑھائی جاسکتی ہے، جبکہ 3400 ایم اے ایچ بیٹری اور مائیکرو یو ایس بی پورٹ دی گئی ہے۔

اس کے بیک پر 13 اور 5 میگا پکسل کیمرہ سیٹ اپ دیا گیا ہے جبکہ تیرہ میگا پکسل سنسر میں ایف 1.9 آپریچر موجود ہے، فرنٹ پر 5 میگا پکسل سیلفی کیمرہ ہے۔

گلیکسی ایم 20 ڈسپلے کے لحاظ سے زیادہ بڑا فون ہے جس میں 6.3 انچ انفٹنی وی ڈسپلے فل ایچ پلس ریزولوشن کے ساتھ ہے۔

اس میں سام سنگ کا نیا ایکسینوس 7904 اوکٹا کور پراسیسر، 5000 ایم اے ایچ کی بڑی بیٹری، یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ اور 15 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ موجود ہے۔

یہ فون تھری اور 4 جی بی ریم اور 32 سے 64 جی بی اسٹوریج آپشنز کے ساتھ ہے جس میں ایس ڈی کارڈ سے 512 جی بی تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

اس کے بیک پر بھی ایم 10 کی طرح 13 اور 5 میگا پکسل کیمرہ ایف 1.9 آپرچر کے ساتھ ہے مگر فرنٹ پر 8 میگا پکسل کیمرہ دیا گیا ہے، اس فون کے فرنٹ اور بیک کیمرے پورٹریٹ موڈ سے بھی لیس ہیں۔

اور ہاں ان دونوں فونز میں اینڈرائیڈ اوریو 8.1 کا امتزاج سام سنگ نے اپنے تجرباتی آپریٹنگ سسٹم یو آئی 9.5 سے کیا ہے۔

سام سنگ نے ایم 10 کے 2 جی بی ریم اور 16 جی بی اسٹوریج والے ورژن کی قیمت 7 ہزار 990 بھارتی روپے (15 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ تھری جی بی ریم اور 32 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 8 ہزار 990 بھارتی روپے (ساڑھے 17 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی ہے۔

ایم 20 کے تھری جی بی ریم+ 32 جی بی ورژن 10 ہزار 990 بھارتی روپے (21 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 12 ہزار 990 بھارتی روپے (25 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے، یہ دونوں فونز 5 فروری سے بھارت میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

دیگر ممالک میں متعارف کرانے کی تاریخ کا فی الحال کمپنی نے کوئی اعلان نہیں کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال سام سنگ نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے نئے فیچرز کو فلیگ شپ فونز سے پہلے مڈرینج فونز میں متعارف کرانے کی حکمت عملی اپنارہی ہے۔

اس حکمت عملی کے تحت کمپنی نے دنیا کا پہلا 4 بیک کیمروں والا فون گلیکسی اے 9 متعارف کرایا جبکہ گلیکسی اے 8 وہ پہلا فون تھا جس میں انفٹنی او ڈسپلے دیا گیا تھا جس میں کیمرہ او شکل کے سوراخ میں موجود ہے۔

اب گلیکسی ایم اس کمپنی کی وہ پہلی سیریز ہے جس میں نیا ٹیئر ڈراپ ڈسپلے دیا جارہا ہے۔

اشتہار


اپنا تبصرہ بھیجیں