Sheikh-Rasheed-Ahmed

بلاول بھٹو زرداری سے صلح کرلی، شیخ رشید

فیصل آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ صلح کرلی ہے۔

فیصل آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ تنقید کرنے والے یہ نہیں سوچ رہے کہ ہمیں لوٹا ہوا پاکستان دیا گیا، عوام کو بجلی اور گیس میں مار آصف زرداری اور نواز شریف کی وجہ سے پڑی ہے، کئی لوگ امریکی صدر کے پاس جاتے تو کاغذ پر لکھا پاس رکھتے تھے، عمران خان نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، ان کی پالیسیوں کو عالمی دنیا میں پذیرائی مل رہی ہے۔ 2019 میں عمران خان قوم کو مشکلات سے نکال لیں گے۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ غریب آدمی کی کئی کئی سال ضمانت نہیں ہوتی، پاکستان میں بڑے آدمی کو گرفتار نہیں کیا جاتا، اقتدار ختم ہونے کے بعد یہ بیماریوں میں مبتلا ہوجاتے ہیں، یہ پکڑے جائیں تو مُردوں کی طرح گر جاتے ہیں، بڑے چوروں کو آئین و قانون کے شکنجے میں لانا چاہیے، اگر ایسا ہی کرنا ہے تو پھر چھوٹے چوروں کو بھی رہا کیا جائے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اسپیکر روزانہ شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیتے ہیں، مجھے پتہ ہے کہ پروڈکشن آرڈر کیوں جاری کیا جاتا ہے، اس معاملے پر عمران خان کی دوستی کی وجہ سے چپ ہوں، جس دن بول پڑا بات دور تک جائے گی۔

اس سے قبل شیخوپورہ ریلوے اسٹیشن پر مختصر خطاب کے دوران شیخ رشید نے بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ صلح کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نا ڈیل ہوگی اور نا ہی ڈھیل ہو گی، عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑا ہوں۔ کچھ کہتا ہوں تو اپنے الفاظ واپس نہیں لیتا۔ مضبوط دفاع کے لیے مستحکم معیشت ضروری ہے۔

اشتہار


اپنا تبصرہ بھیجیں