52 میگا پکسل کیمرے سے لیس سونی ایکسپیریا XZ-4

اگر تو آپ اسمارٹ فون کیمرے کی وجہ سے لینا پسند کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اب دنیا کا پہلا 50 میگا پکسل سنسر سے لیس فون جلد سامنے آنے والا ہے۔

ایک نئی لیک میں یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ سونی کا نیا فلیگ شپ فون ایکسپیریا ایکس زی 4 دنیا کا پہلا فون ہے جس میں 52 میگا پکسل کیمرہ دیا جارہا ہے۔

درحقیقت یہ اس کمپنی کا پہلا فون ہوگا جس میں 3 بیک کیمروں کا سیٹ اپ دیا جارہا ہے جو کہ عمودی ڈیزائن میں دیا جائے گا۔

لیک تصویر کے مطابق 52 میگا پکسل کیمرہ درمیان میں موجود ہوگا جو کہ ایف 1.6 آپرچر سے لیس ہوگا۔

اس سے ہٹ کر 16 میگا پکسل کا ٹیلی فوٹو لینس ایف 2.6 آپرچر کے ساتھ جبکہ تیسرا 0.3 میگا پکسل ٹائم آف فلائٹ کیمرہ ہوگا جس میں ایف 1.4 آپرچر ہوگا۔

ٹی او ایف کیمرہ ممکنہ طور پر فاصلے کو جانچنے کے لیے استعمال ہوگا جبکہ اگیومینٹڈ رئیلٹی فیچرز کے لیے بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

پرائمری اور سیکنڈری کیمرے ہائی ریزولوشن تصاویر میں مدد دیں گے جبکہ ٹی او ایف سنسر آٹو فوکس اور تھری ڈی اسکیننگ کا بھی کام کرے گا۔

اوپو آر 17 میں ٹی او ایف سنسر موجود ہے جبکہ ایل کی جانب سے رواں سال نئے آئی فونز میں اسے متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

اس سے قبل سامنے آنے والی لیکس کے مطابق ایکسپیریا ایکس زی 4 میں 6.5 انچ کا کیو ایچ ڈی پلس او ایل ای ڈی ڈسپلے دیئے جانے کا امکان ہے جبکہ اسنیپ ڈراگون 855 پراسیسر، سکس جی بی ریم، 128 جی بی اسٹوریج اور 4400 ایم اے ایچ بیٹری نمایاں فیچرز ہوسکتے ہیں۔

یہ فون رواں ماہ کے آخر میں بارسلونا میں شیڈول موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

اشتہار


اپنا تبصرہ بھیجیں