کوئٹہ کی سبزی منڈی میں دھماکے سے 20 افراد جاں بحق، 48 زخمی

کوئٹہ: نواحی علاقے ہزارگنجی میں بم دھماکے سے 20 افراد جاں بحق جب کہ 48 زخمی ہوگئے۔

کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزارگنجی کی سبزی منڈی میں دھماکے سے 20 افراد جاں بحق جب کہ 4 ایف سی اہلکاروں سمیت 48 افراد زخمی ہوئے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ قریبی عمارتوں کوبھی نقصان پہنچا۔ صوبائی وزیر داخلہ ضیا لانگو نے بتایا کہ دھماکا خود کش تھا۔

ڈی آئی جی کوئٹہ کا کہنا ہے کہ جاں بحق 8 افراد کا تعلق ہزارہ کمیونٹی سے ہے، دھماکے میں جاں بحق اورزخمی افراد ہزارگنجی کی منڈی سے سبزی اورفروٹ خریدنے آئے تھے۔

لاشوں اورزخمیوں کو بولان میڈیکل کمپلیکس اورسول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کوگھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔ جائے وقوعہ پربم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کیا گیا جس نے شواہد اکٹھے کیے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان، صدرپاکستان عارف علوی، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال اوروزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدارسمیت دیگرسیاسی رہنماؤں نے دہشت گردی کے اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اشتہار


اپنا تبصرہ بھیجیں