عراق میں مسجد پر خود کش حملہ، 10 نمازی جاں بحق اور متعدد زخمی

بغداد: عراق میں نماز جمعہ کے وقت خود کش دھماکے میں 10 افراد جاں بحق اور درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے دارالحکومت کی مسجد و امام بارگاہ مہدی المنتظر میں نماز جمعہ کے وقت ایک خود کش بمبار نے خود کو دھماکے سے اُڑا لیا جس کے نتیجے میں 10 نمازی جاں بحق اور 12 سے زائد زخمی ہوگئے۔

پولیس چیف کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے ثابت ہوگیا ہے کہ یہ ایک خود کش دھماکا تھا، خود کش جیکٹ کے حصے ملے ہیں، لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے تاحال کسی شدت پسند جماعت نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

واضح رہے کہ عراق میں اتحادی افواج نے ملک کے بیشتر حصوں سے داعش کا خاتمہ کردیا ہے اور ملک میں امن و امان کی صورت حال قابو میں ہے تاہم تازہ واقعے سے ثابت ہوتا ہے کہ اب بھی شدت پسندوں کی باقیات موجود ہیں۔

اشتہار


اپنا تبصرہ بھیجیں