ڈیٹا اسکینڈل: فیس بک پر5 ارب ڈالر جرمانہ

امریکا کے فیڈرل ٹریڈ کمیشن (ایف ٹی سی) نے 5 کروڑ صارفین کی معلومات غلط اور سیاسی مقاصد کے لیے استعمال ہونے پر فیس بک پر 5 ارب ڈالر (تقریباً 7 کھرب 90 ارب روپے) کا جرمانہ عائد کردیا۔

واضح رہے کہ کیمبرج اینالاٹکا (سی اے) نامی کمپنی نے موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں ان کی انتخابی مہم کے دوران فیس بک کے 5 کروڑ صارفین کی معلومات استعمال کی تھیں۔

فیس بک صارفین کی معلومات سے متعلق الزام کو مسترد کرتا رہا لیکن شدید دباؤ کے بعد تسلیم کیا کہ ان کے پلیٹ فارمز کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔

جس کے بعد ایف ٹی سی نے مارچ 2018 میں فیس بک کے خلاف تحقیقات شروع کردی تھی۔

برطانوی اخبار ‘دی گارجین’ کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ انصاف جرمانے کی ادائیگی سے متعلق حتمی منظوری دے گا۔

اس سے قبل فیس بک انتظامیہ رواں برس اپریل میں واضح کرچکی تھی کہ ایف ٹی سی سے مذاکرات آخری مراحل میں داخل ہوچکے ہیں اور 3 سے 5 ارب ڈالر کا جرمانہ عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

اشتہار


اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں