مدارس میں سائنس، انگریزی بھی پڑھانے کا فیصلہ

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے حکومت ملک میں قائم 30 ہزار مدارس کو رجسٹرڈ کرے گی جہاں انگریزی، حساب اور سائنس بھی نصاب کا حصہ ہوں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق شفقت محمود نے کہا کہ حکومت مدارس میں زیر تعلیم بچوں کے امتحانات منعقد کرے گی اور پہلا بیچ اگلے جون تک متوقع ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان میں قائم مدارس پر الزام لگایا جاتا ہے کہ یہاں نفرت کو ہوا دی جاتی اور یہ ’دہشت گردوں کی نرسری‘ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’کسی بھی مذہب اور عقائد کے خلاف نفرت آمیز تقریر کی گنجائش نہیں ہوگی‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم نصاب کا جائزہ لیں گے کہ اس میں کسی مذہب اور عقائد کے خلاف نفرت آمیز مواد تو موجود نہیں‘۔

خیال رہے کہ اپریل میں مدارس کو وزارت تعلیم کے ماتحت لانے کے معاملے کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ ابتدائی مرحلے میں رجسٹرڈ مدارس کو وزارت تعلیم کے ماتحت لایا جائے گے۔

مذکورہ پیش رفت سے واقف ذرائع نے بتایا تھا کہ نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے ملک بھر کے مدارس کی جیو ٹیگنگ اور رجسٹریشن رپورٹ مرتب کرلی ہے، جو صوبوں کو فراہم کردی جائے گی۔

نیکٹا رپورٹ میں بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع تمام مدارس کی جیوٹیگنگ مکمل کرلی گئی ہے جبکہ صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی علاقے فاٹا کے 85 فیصد، سندھ کے 80 فیصد، خیبرپختونخوا کے 75 فیصد اور بلوچستان کے 60 فیصد مدارس کی جیو ٹیگنگ کی جاسکی ہے۔

اشتہار


اپنا تبصرہ بھیجیں