ممبئی میں طوفانی بارشوں سے سیلاب، ٹرین میں پھنسے 1000 افراد کو بچا لیا گیا

بھارت کے ساحلی شہر ممبئی میں طوفانی بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال سے ایک ٹرین مہالکشمی ایکسپریس پانی میں پھنس گئی جس میں تقریباً 700 مسافر سوار تھے۔

مسافروں کو ریسکیو کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر، کشتیوں اور تیراکوں کی مدد لی گئی جس سے مسافروں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا جن میں 9 حاملہ خواتین بھی شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرین میں پھنسے مسافروں نے بتایا کہ جمعہ کی رات طوفانی بارش کے باعث وہ تقریباً 15 گھنٹے بنا کچھ کھائے پیے ٹرین میں پھنسے رہے۔

بھارتی حکام کے مطابق ٹرین سے ریسکیو کیےگئے مسافروں کے لیے قریبی مقام پر عارضی کیمپ قائم کردیے گئے ہیں جہاں انہیں کھانا اور طبی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ ممبئی میں جاری بارشوں سے ٹرانسپورٹ کا نظام اور فضائی آپریشن درہم برہم ہوگیا ہے جس کے بعد 10 سے زائد فلائٹس منسوخ اور متعدد کا رخ دوسرے شہروں کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی ایشیا میں جاری مون سون کی بارشوں سے اب تک 600 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

اشتہار


اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں