ڈونلڈ ٹرمپ کی ترکی پر سخت پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی پر بڑے پیمانے پر کڑی شرطیں عائد کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترک فوج کی شام کے شمالی علاقے میں آپریشن کے تناظر میں ایک بار پھر کڑی اور سخت پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ترکی پر کڑی پابندیاں عائد کی جارہی ہیں، کیا یہ لوگ چاہتے ہیں کہ ہم نیٹو ارکان ترکی کے ساتھ کھلی جنگ کریں ؟ ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ کبھی ختم نہ ہونے والی جنگیں ختم ہوجائیں گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں مقامی میڈیا میں نشر ہونے والی اُن رپورٹوں کو مسترد کیا جس میں امریکا کے ایک اور جنگ میں کودنے کا واضح اشارہ دیا گیا تھا۔ امریکی صدر نے وضاحت کی کہ ہم خود کو ایک ایسی جنگ میں جھونکنا نہیں چاہتے جس کے متحارب گروہ ایک دوسرے سے دو صدیوں سے جنگ کر رہے ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں