تیزگام ایکسپریس میں آتشزدگی سے 73 مسافر جاں بحق

کراچی سے لاہور اور راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی سے 73 افراد جاں بحق جب کہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔

کراچی سے لاہور اور راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثہ رحیم یار خان میں ٹانوری اسٹیشن چک نمبر 6 چنی گوٹھ کے قریب پیش آیا اور زیادہ تر جاں بحق افراد کا تعلق تبلیغی جماعت سے ہے جو اجتماع میں شرکت کے لیے رائیونڈ جارہے تھے۔

آگ کے شعلوں نے 3 بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث 74 افراد آگ سے جھلس کر جاں بحق اور 90 سے زائد افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہے۔

ڈپٹی کمشنر جمیل احمد نے بتایا کہ تیز گام ٹرین کی ایئرکنڈیشنڈ اور بزنس کلاس کی تین بوگیوں میں آتشزدگی ہوئی جن میں 209 مسافر سوار تھے، متعدد لاشیں ناقابل شناخت ہوگئی ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے بتایا کہ تیز گام ایکسپریس کو حادثہ کراچی سے راولپنڈی جاتے ہوئے پیش آیا، آگ ٹرین کی اکانومی کلاس میں گیس سلنڈر پھٹنے سے لگی جب کہ مسافروں نے ٹرین سے کود کر جانیں بچائیں۔

حکام کے مطابق مسافر ٹرین میں آگ لگنے کے افسوس ناک حادثے کے بعد ضلع بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ ریسکیو 1122، پولیس، فائر بریگیڈ، سمیت دیگر امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا جب کہ حادثے میں متاثرہ زخمیوں کو ٹی ایچ کیو لیاقت پور، آر ایچ سی چنی گوٹھ اور بہاولپور وکٹوریہ اسپتال منتقل کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں