Imran-Khan-Prime-Minister-Pakistan

آرمی چیف کی مدت میں توسیع متفقہ فیصلہ اور چیف ایگزیکٹو کا اختیار ہے، حکومت

اسلام آباد: سپریم کورٹ کی جانب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹی فکیشن معطل کئے جانے کے بعد وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس جاری ہے جس میں تمام قانونی نکات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

وزیر اعظم آفس اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس جاری ہے جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا تفصیلی جائزہ لیا جارہا ہے۔

دوسری جانب اجلاس سے متعلق حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کابینہ کا متفقہ فیصلہ ہے اور آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا اختیار چیف ایگزیکٹو کے پاس ہے، ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی سمری طلب کرلی ہے جب کہ وزیراعظم نے اس حوالے سے قانونی ماہرین سے رائے بھی طلب کی۔

اس سے قبل وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہوا جس میں ملکی سیاسی، معاشی و سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کابینہ نے بھارت سے مختلف اشیاء درآمد کرنے کی تجویز مسترد کردی تاہم بھارت کے بجائے چین سے یہ اشیاء درآمد کرنے کے لیے کہا گیا، اس کے علاوہ پوسٹل لائف انشورنس کو پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں