عثمان بزدار کی جگہ لینے کے خواہشمند اگلے 4 برس انتظار کریں، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے لاہور کے ایک روزہ دورے میں وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں منعقد مختلف اجلاسوں میں واضح کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اپنی مدت پوری کریں گے۔

ذرائع نے کہا کہ وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں پنجاب کابینہ کے اراکین اور صوبائی وزرا کے ہمراہ ایک اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ اجلاس میں بیٹھا ہر شخص وزیراعلیٰ بننے کی خواہش رکھتا ہے لیکن وہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ کھڑیں رہیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے کہا کہ ’عثمان بزدار کی جگہ لینے کے خواہشمند افراد کو اگلے 4 برس انتظار کرنا ہوگا‘۔

انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار محل نما گھر میں رہتے ہیں اور نہ ہی اپنی ذاتی سیکیورٹی پر 80 کروڑ روپے سالانہ خرچ کرتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی حکومت میں اصلاحات پر جس طرح عملدرآمد کیا گیا ایسا پہلے کبھی پنجاب میں نہیں ہوا، ہمیں پنجاب میں کی جانے والی اصلاحات کی تشہیر اور اس حوالے سے سیمینارز منعقد کرنے کی ضرورت ہے‘۔

صوبائی اسمبلی کے وزرا، سینئر حکومتی اور پولیس عہدیداران سے ملاقاتوں اور ایک پریس کانفرنس میں وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 15 ماہ کے دوران تحریک انصاف کی حکومت نے ’مافیا‘ سے جنگ لڑی۔

علاوہ ازیں دیگر اجلاسوں میں وزیراعظم نے آلودگی پر قابو پانے سے متعلق اہم فیصلوں سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے سابق بیورکریٹس کے ساتھ مشاورت کی اور تمام بیوروکریٹس کو میرٹ پر تعینات کیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ بیوروکریٹس کی نئی ٹیم حکومتی امور کی راہ ہموار کرے گی اور پنجاب میں مثبت تبدیلی لائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں