عالمی ادارہ صحت نے یورپ کورونا وائرس کی وبا کا نیا مرکز قرار دے دیا

عالمی ادارہ صحت نے چین کی جگہ اب یورپ کو نئے کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کا نیا مرکز قرار دے دیا ہے۔

جمعے کو جنیوا میں پریس کانفرنس کے دوران عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ٹیڈورز ایڈہانوم گھیبریتس نے کہا ‘اب روزانہ یورپ میں اس سے زیادہ کیسز رپورٹ ہورہے ہیں جتنے چین میں اس وبا کے عروج میں سامنے آرہے تھے’۔

انہوں نے کہا کہ ممالک کو اس وبا سے لڑنے کے لیے منظم سوچ کو اختیار کرنا ہوگا ‘صرف ٹیسٹنگ تک محدود نہ رہیں، صرف قرنطینہ کو ہی اہمیت نہ دیں، صرف سماجی طور پر الگ تھلگ ہونے کو ترجیح دیں، سب پر عمل کریں، ہر ملک کو دیگر ممالک کے تجربے کو دیکھنا چاہیے اور یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ یہ ہمارے ساتھ نہیں ہوگا، کیونکہ یہ جان لیوا غلطی ہے، ایسا کسی بھی ملک کے ساتھ ہوسکتا ہے’۔

عالمی ادارہ صحت نے 11 مارچ کو کووڈ 19 کو عالمگیر وبا قرار دیا تھا جو اب تک ایشیا سمیت تمام براعظموں تک پھیل چکی ہے اور صرف انٹارکٹیکا ہی اس سے مھفوظ ہے۔

چین کے شہر ووہان سے نمودار ہونے والا وائرس 3 ماہ سے بھی کم وقت میں دنیا کے متعدد ممالک میں پھیل گیا جس سے اب تک ایک لاکھ 32 ہزار سے زائد متاثر جبکہ 5 ہزار ہلاک ہوچکے ہیں۔

چین میں نئے کیسز کی تعداد میں نمایاں کمی آچکی ہے اور جمعرات کو صرف 26 نئے کیس سامنے آئے جبکہ یورپ میں راتوں رات کیسز کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں