ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 184 ہوگئی

خیبر پختون خوا اور سندھ میں نئے کیسز کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 184 ہوگئی۔

خیبر پختون خوا کے وزیر صحت تیمور خان جھگڑا نے اپنے ٹویٹ میں تصدیق کی ہے کہ تفتان سے ڈیرہ اسماعیل خان آنے والے 19 زائرین میں سے 15 میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ متاثرین کو ڈی آئی خان میں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 117 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 152 ہوگئی۔ نئے رپورٹ ہونے والے کیسز میں 4 کیس کراچی میں اور 58 کیس سکھر میں سامنے آئے۔ نئے کیسز کے بعد سکھر میں تعداد 119، کراچی میں 30 ہوگئی جب کہ ایک کیس حیدرآباد میں رپورٹ ہوا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کرونا کی روک تھام سے متعلق اقدامات کرنے کی غرض سے قائم نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ، فردوس عاشق اعوان، معید یوسف، نورالحق قادری اور وزیر داخلہ اعجاز شاہ شریک ہوئے۔

اجلاس میں کورونا وائرس کی صورتحال اور اس وائرس کی روک تھام کے حوالے سے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کاجائزہ لیا گیا اور فیصلوں کے نتیجے میں اب تک کیے جانے والے اقدامات اوردرپیش چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، وزرائے اعلیٰ نے صوبائی سطح پر کرونا وائرس کی صورتحال اور اس کی روک تھام کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کو کرونا وائرس کے مسئلے کی سنجیدگی کا مکمل ادراک ہے اور اس ضمن میں حکومتی سطح پر ہر ممکن اقدام کیا جائے گا، ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو اس مسئلے کی سنجیدگی کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں