ملک بھر میں کورونا وائرس سے884 افراد متاثر

پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے اور جہاں اس عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 884 سے تجاوز کرچکی ہے وہی بلوچستان میں اس وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آئی ہے۔

اس ہلاکت کے سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس سے موت کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔

مذکورہ معاملے پر بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ بلوچستان میں کورونا وائرس سے پہلا فرد انتقال کرگی
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ کورونا سے متاثرہ 65 سالہ شخص کا انتقال کوئٹہ میں فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال میں ہوا۔

واضح رہے کہ اس انتقال کے بعد ملک میں اموات کی تعداد 6 جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 875 تک جاپہنچی ہے۔

محکمہ صحت سندھ نے پیر کو مزید 42 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 394 ہوگئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ کراچی میں 3 اور سکھر میں 39 نئے کیسز سامنے آئے، یوں شہر قائد میں متاثرین کی تعداد 134 جبکہ سکھر میں 260 ہوگئی۔

کراچی میں سامنے آنے والے کیسز مقامی طور پر ایک شخص سے دوسرے کو منتقل ہونے کے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 21 کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں مجموعی تعداد 246 ہوگئی۔

مریضوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان سے 177 لاہور میں 52، گجرات سے 4، گوجرانوالہ سے 4، جہلم سے 3، راولپنڈی سے 3، ملتان سے 2، سرگودھا سے ایک مریض ہے۔

خیبرپختونخوا میں بھی کورونا وائرس کا ایک اور مریض سامنے آگیا۔

اس حوالے سے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان محمد عاصم نے تصدیق کی کہ صوبے میں ایک اور کورونا وائرس کے کیس کی تصدیق ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ مریض حال ہی میں برطانیہ سے واپس آیا تھا اور انہیں 2 روز قبل پولیس ہسپتال سے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مریض کو اس وقت آئیسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

بعد ازاں محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی جانب سے مزید 6 کیسز کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 38 ہوگئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں