حکومت کا ملک کے 70 لاکھ دیہاڑی دار افراد کو 3 ہزار روپے ماہانہ دینے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر بڑے معاشی ریلیف پیکج کی منظوری دی ہے جس کے تحت 70 لاکھ دیہاڑی دار (ڈیلی ویجز) افراد کو 3 ہزار روپے ماہانہ دیے جائیں گے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومت کی معاشی ٹیم کااجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کی جانب سے بڑے معاشی ریلیف پیکج کی منظوری دی گئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں 70 لاکھ دیہاڑی دارافراد کو 3 ہزار روپے ماہانہ دیے جائیں گے جب کہ ایکسپورٹرز کے لیے 200 ارب روپے کا ریلیف پیکج بھی منظور کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کل تعمیراتی انڈسٹری کے لیے بھی ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے ۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے فلاحی اداروں کے نمائندوں اور مخیر حضرات نے ملاقات کی، اس موقع پر وفاقی وزیر غذائی تحفظ خسرو بختیار، معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور وزارت خزانہ کے حکام بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق اس دوران غریب شہریوں کو خوراک کی فراہمی سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا گیا اورفلاحی اداروں کو راشن کی خریداری پر ریلیف د ینے پر بات چیت کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی خریداری کے لیے یوٹیلٹی اسٹورز کو مزید ریلیف دینے پر بھی غور کیا گیا جب کہ کورونا سے متاثرہ علاقوں میں مشترکہ ریلیف آپریشن سے متعلق بھی گفتگو کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں