کورونا وائرس: پاکستان میں ایک دن میں 5 اموات، مجموعی تعداد 17 ہوگئی

دنیا بھر کو اپنی دہشت سے خوف زدہ کرنے والے کورونا وائرس کا پاکستان میں بھی تیزی سے پھیلاؤ جاری ہے اور ایک دن میں 5 متاثرین دم توڑ گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 17 جبکہ متاثرین کی تعداد 1593 ہوگئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کورونا وائرس کے باعث مزید ایک ہلاکت کی تصدیق کی جبکہ صوبے میں متاثرین کی تعداد 593 تک پہنچنے کی بھی تصدیق کی۔

کورونا وائرس سے ایک ہی دن میں سندھ میں 2، خیبر پختونخوا اور پنجاب اور گلگت بلتستان میں ایک،ایک متاثرہ مریض دم توڑ گیا جس کے بعد پاکستان میں وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 17 ہوگئی۔

سندھ کی وزیر صحت کی میڈیا کوآر ڈینیٹر میران یوسف کے مطابق کراچی میں سامنے آنے والے 33 نئے کیسز مقامی طور پر منتقلی کے ہیں جبکہ پورے صوبے کے 502 میں سے مقامی سطح پر سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 177 ہے۔

ملک کا پہلا کیس سندھ میں سامنے آنے کے بعد اسی صوبے کے متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ تھی تاہم گزشتہ 2 روز میں پنجاب میں تیزی سے بڑھنے والے کیسز کے بعد اب وہاں سب سے زیادہ متاثرین ہیں۔

اس عالمی وبا کے پاکستان میں کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی مختلف صوبوں اور علاقوں نے اقدامات اٹھاتے ہوئے لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیاں لگادی تھیں جبکہ لوگوں کی نقل و حمل کو محدود کردیا تھا۔

تاہم اس کے بعد بھی نئے کیسز کے آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اتوار کو بھی ملک میں نئے افراد اس وائرس کا شکار بنتے نظر آئے تاہم اب تک 28 متاثرہ افراد مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس سے مزید 2 افراد کی اموات کی تصدیق کردی گئی جس کے بعد صوبے میں انتقال کرنے والے افراد کی تعداد 3 ہوگئی جبکہ متاثرین 502 ہوچکے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق کراچی میں مقامی طور پر منتقلی کے مزید 33 کیسز سامنے آگئے ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد بڑھ کر 502 ہوگئی ہے۔

صوبائی وزیر صحت کی میڈیا کوآرر ڈی نیٹر میران یوسف کے مطابق اب تک کراچی میں 222 کیسز، دادو میں ایک، حیدر آباد میں 7، سکھر میں موجود 265 زائرین اور لاڑکانہ میں ایران سے آئے 7 زائرین میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

اس کے بعد ملک میں مجموعی تعداد 1593ہوگئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کورونا وائرس سے 3 اموات ہوئی ہیں جبکہ 14 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں، کراچی میں 13 اور حیدرآباد میں ایک مریض صحت یاب ہوچکا ہے اور 213 زیر علاج ہیں۔

میران یوسف کے مطابق صوبے میں اب تک مقامی سطح پر منتقلی کے کیسز کی تعداد 171 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اب تک 5 ہزار 945 افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔

قبل ازیں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے اس بات کی تصدیق کی کہ دونوں افراد کورونا وائرس سے انتقال کرگئے۔

انہوں نے بتایا کہ ہمیں دونوں مریضوں کے انتقال کے بعد ان کی لیب رپورٹس موصول ہوئی، جس میں ان کی موت کی وجہ نمونیا کے ساتھ کورونا وائرس تھی۔

صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ ایک مریض کی عمر 83 جبکہ ایک 70 سال تھی۔

علاوہ ازیں محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ دونوں افراد کا تعلق کراچی سے تھا۔

پنجاب میں مزید ایک ہلاکت سے جہاں صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا وہی مزید متاثرین کی بھی تصدیق کی گئی جو بڑھ کر 593 ہوگئی جن میں سے 6 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ‘کورونا وائرس سے ایک اور جان چلی گئی، 68 سالہ خاتون سعودی عرب سے واپس رحیم یار خان پہنچی تھی جہاں وہ زیر علاج تھی’۔

انہوں نے کہا کہ ‘پنجاب میں اب تک6 ہلاکتیں ہوئی ہیں اور متاثرین کی تعداد 593 ہے جو زیر علاج ہیں’۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ‘ہماری ٹیمیں مریضوں کا مسلسل کھوج لگارہی ہیں اور ٹیسٹ بھی کیے جارہے ہیں’۔

عثمان بزدار نے متاثرین کی تعداد کے حوالے سے تفصیلات بتائے جس کے مطابق ‘قرنطینہ مراکز ڈی جی خان،ملتان، لاہور اور فیصل آباد میں 318، لاہور میں 116، گجرات میں 55، گوجرانوالا میں 11، جہلم میں 28، راولپنڈی میں 30، ملتان میں 2، فیصل آباد میں 9، منڈی بہاوالدین میں 4، نارووال میں ایک، رحیم یار خان میں 2، وہاڑی میں 2، سرگودھا میں 2، اٹک میں ایک، بہاولنگر میں ایک، میانوالی میں 2، ننکانہ صاحب میں 2، خوشاب میں ایک، بہاولپور میں ایک اور ڈی جی خان میں 5 متاثرین ہیں’۔

اس سے قبل پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 13 کیسز سامنے آگئے تھے۔

محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان قیصر آصف نے بتایا کہ پنجاب میں مصدقہ کیسز کی تعداد 570 تک پہنچ چکی ہے۔

مزید برآں ان کا کہنا تھا کہ اب تک صوبے میں 5 اموات ہوئی ہیں اور 5 مریض صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

متاثرہ افراد کے اعداد و شمار کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان سے 207 اور ملتان سے 79 زائرین میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ رائے ونڈ کے قرنطینہ میں 23 اور لاہور میں 119 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ گجرات میں 52، گوجرانوالہ میں 11، جہلم میں 21 اور راولپنڈی میں 19 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ ملتان میں 3، فیصل آباد میں 9، منڈی بہاالدین میں 4 کیسز سامنے آئے جبکہ باقی کیسز پنجاب کے دیگر حصوں سے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں مزید 4 کیسز کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 192 ہوگئی جبکہ ایک ہلاکت بھی سامنے آئی۔

خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت کے عہدیدار نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 78 سالہ شخص کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگیا۔

انتظامیہ کا کہناتھا کہ پورے علاقے کو لاک ڈاؤن کیا گیا ہے اور ان سے ملنے والے افراد کو بھی تلاش کیا جارہا ہے۔

بلوچستان
بلوچستان کے محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آگئے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 141 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق صوبے میں مشتبہ مریضوں کی تعداد 1710 ہے جبکہ 1275 ٹیسٹ کے نتائج منفی آگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی تعداد بھی بڑھ کر 2 ہوگئی ہے۔

بلوچستان میں کوروناوائرس سے ایک ہلاکت بھی ہوئی تھی۔

سرکاری اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو اسلام آباد میں مزید 4 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ان 4 نئے کیسز کے بعد وفاقی دارالحکومت میں متاثرین کی تعداد 39 سے بڑھ کر 43 تک پہنچ گئی۔

اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی 9 نئے افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے۔

گلگت بلتستان میں ان نئے کیسز کے سامنے آنے سے متاثرین 107 سے بڑھ کر 116 ہوگئے۔

بعد ازاں ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سرکاری حکام نے بتایا گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے ایک میڈیکل اسٹافر انتقال کرگیا۔

انہوں نے بتایا کہ ریڈیولوجسٹ نگر کے گاؤں سمیر میں سرکاری صحت یونٹ میں کام کرتا تھا اور موت سے قبل اسے مناپن کے قرنطینہ مرکز منتقل کیا گیا تھا۔

حکام کا کہنا تھا کہ متوفی کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں ہے۔

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے4 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے آزاد کشمیر میں اس وبا سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 6 ہوگئی۔

مجموعی طور پر ملک کے کیسز پر نظر ڈالیں تو پنجاب میں سب سے زیادہ 593 افراد متاثر ہیں، اس کے بعد سندھ میں 502، خیبرپختونخوا میں 192، بلوچستان میں 141، گلگت بلتستان مین 116، اسلام آباد میں 43 اور آزاد کشمیر میں 6 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

اموات پر اگر نظر ڈالیں تو اس وائرس سے سب سے زیادہ لوگ بھی پنجاب میں جان سے گئے ہیں اور وہاں تعداد 6 ہے۔

اس کے بعد خیبرپختونخوا میں 5 افراد اس وائرس سے انتقال کرچکے ہیں جبکہ سندھ میں 3، گلگت بلتستان میں 2 اور بلوچستان میں یہ تعداد ایک،ایک ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں