اسپین میں ایک دن میں کورونا وائرس سے 849 اموات

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے 8 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں اور اسپین میں ایک دن میں 849 اموات کے نتیجے میں دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 40 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور اب تک 8 لاکھ 23 ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

وائرس سے اب تک سب سے زیادہ کیسز امریکا میں رپورٹ ہوئے ہیں جہاں ایک لاکھ 65 ہزار افراد متاثر جبکہ 3 ہزار 400 سے زائد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

چین سے دوگنا کیسز رپورٹ ہونے کے بعد امریکا نے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پابندیاں مزید سخت کردی ہیں جبکہ آنے والے دنوں میں اس میں مزید سختی کا امکان ہے۔

امریکا میں اب مرنے والوں کی تعداد 9/11 کے حملوں سے بھی بڑھ چکی ہے اور اب تک 3 ہزار 400 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جہاں 9/11 حملوں میں 2 ہزار 977 افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ امریکا میں مرنے والوں کی تعداد چین سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔

اب تک دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ہوئی ہیں جہاں 11 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ اٹلی میں وائرس کا گڑھ تصور کیے جانے والے شمالی علاقے لومبارڈی میں ایک دن میں 381 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جس سے صرف اس علاقے میں 7ہزار 199 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی ‘رائٹرز’ کے مطابق اٹلی میں مجموعی ہلاکتوں میں واضح کمی ہوئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹے میں 458 افراد ہوئے اور یہ 25مارچ کے بعد ایک دن میں ہلاکتوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

میلان سمیت مذکورہ علاقے میں 43ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد بھی ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

اٹلی میں کیسز میں کمی کے باوجود اسپن میں تیزی سے ہلاک اور متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

منگل کو اسپین میں ایک دن میں سب سے زیادہ 849 افراد ہلاک ہوئے جس سے ملک میں مرنے والوں کی تعداد 8 ہزار 189ہو گئی ہے۔

ملک میں 24گھنٹے کے دوران تقریباً ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 94 ہزار 417ہو گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں