بھارت فالس فلیگ آپریشن کا بہانہ ڈھونڈ رہا ہے: عمران خان

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کونشانہ بنانے کے لیے فالس فلیگ آپریشن کا بہانہ ڈھونڈ رہا ہے۔

عمران خان نے اپنے بیان میں دنیا کو ایک بار پھر خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف حملے کے لیے مسلسل بہانہ تراشنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کونشانہ بنانے کے لیے فالس فلیگ آپریشن کا بہانہ ڈھونڈ رہا ہے اور بھارت کے ایل او سی پر دراندازی کے تازہ بے بنیاد الزامات اسی خطرناک ایجنڈے کا تسلسل ہیں۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کی مشترکہ فاشسٹ پالیسیاں پاکستان سمیت پورے خطے کے لیے سنگین خطرہ ہیں لہذا بین الاقوامی برادری بھارت کی خطرناک حرکات سے پہلے کارروائی کرے۔

گزشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے بھی پاکستان پر بھارتی الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر بے بنیاد اور غیر سنجیدہ الزامات لگا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں