ملک میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کرگئی

اسلام آباد: گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 100 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اس وبا سے لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد 4 ہزار 99 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 21 ہزار 33 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 12 لاکھ 14 ہزار 140 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 1 ہزار 444 ہوگئی جن میں سے 88 ہزار 358 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا کے مصدقہ مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد سندھ میں ہے جہاں اس وائرس سے مبتلا افراد کی تعداد 78 ہزار 268 ہے، پنجاب میں 72 ہزار 880، خیبرپختونخوا میں 25 ہزار 380 ، بلوچستان میں 10 ہزار 261، اسلام آباد میں 12 ہزار 206، آزاد کشمیر میں ایک ہزار 27 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 423 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سبب مزید 100 سے زائد اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد اموات کا مجموعہ 4 ہزار 99 ہوگیا۔ کورونا سے سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں ایک ہزار 656 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں ایک ہزار 205، خیبر پختونخوا میں 890، اسلام آباد میں 120، گلگت بلتستان میں 23، بلوچستان میں 113 اور آزاد کشمیر میں 28 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں