بھارت کا ہنگامی بنیادوں پر فرانس سے ہیمر میزائلز خریدنے کا فیصلہ

بھارت کا جنگی جنون جاری ہے اور رافیل طیاروں کے بعد بھارت نے ہنگامی بنیادوں پر فرانس سے ہیمر میزائلوں کی خریداری کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ہیمر میزائلوں کی خریداری میں پیش رفت بھی ہوئی ہے اور فرانس محدود وقت کے باوجود بھارت کو ہیمر میزائل سپلائی کرنے کے لیے تیار بھی ہوگیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مودی سرکار کی جانب سے بھارتی فوج کو دی گئی ایمرجنسی پاورز کے تحت یہ معاہدہ کیا جارہا ہے تاہم بھارتی فضائیہ نےخبرکی تردید یا تصدیق سےگریز کیا ہے۔

فرانس کے رافیل جنگجو طیاروں کے لیے 60 سے 70 کلو میٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والے ہیمر میزائل کا معاہدہ ایسے وقت کیا جار ہا ہے جب بھارت کی چین کے ساتھ لداخ کے معاملے پر سخت کشیدگی ہے اور اس معاہدے کو اسی کشیدگی کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔

بھارتی حکام کا دعویٰ ہے کہ فرانس کی جانب سے یہ میزائل جلد ہی بھارت کے حوالے کردیے جائیں گے اور محدود وقت کے باعث کسی دوسرے ملک کے لیے تیار کردہ میزائل بھارت کو دیے جائیں گے۔

دوسری جانب فرانس سے 5 رافیل طیاروں کی پہلی کھیپ29جولائی کوبھارت پہنچ رہی ہے جب کہ اس سے قبل ایک رافیل طیارہ بھارت کو دیا جاچکا ہے۔

خیال رہے کہ بھارت نے2016ء میں فرانس کے ساتھ60 ہزارکروڑ روپے مالیت کے36رافیل طیارے خریدنے کا معاہدہ کیا تھا جب کہ اس معاہدے میں مبینہ بدعنوانی پر مودی حکومت کو سخت خفت اور تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں